وانا (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر محمد ناصر خان نے پختونخوا ریڈیو وانا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹوڈیو، ٹرانسمیٹر روم اور دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سٹاف نے ڈپٹی کمشنر کو پختونخوا ریڈیو وانا کے پروگرامات کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔ اس کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر محمد ناصر خان نے پختونخوا ریڈیو وانا کے پروگرام "سلام وزیرستان” میں شرکت کرکے سامعین کے سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں رونما ہونے والے نقصانات سمیت جنوبی وزیرستان لوئر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ناصر خان نے کہا کہ پختونخوا ریڈیو وانا جنوبی وزیرستان کے عوام کو حکومتی سرگرمیوں سے باخبر رکھنے کیلئے سب سے موثر اور آسان ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونخوا ریڈیو وانا صحیح معنوں میں عوام کی آواز بن کر لوگوں کے اصل مسائل اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ناصر خان نے پختونخوا ریڈیو وانا کے سٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اور ریڈیو کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔