پشاور( مانند نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر کی طرح مردان میں بھی مہاجرین کا عالمی دن منایا گیا جس کا مقصد تارکینِ وطن کی تکالیف اور مشکلات سے آگاہی فراہم کرنا تھا،اس دن کے منانے کا مقصد مہاجرین یا پناہ گزین جو جنگ، نسلی تعصب، مذہبی کشیدگی، سیاسی تناﺅ اور امتیازی سلوک کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر دوسری جگہ نقل مکانی کرجاتے ہیں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس دن کے حوالے سے مردان میں یو این ایچ سی آر کے تعاون سے غیر سرکاری تنظیم آئی آر ایس پی کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب سے افغان رفیوجی کے ڈی اے شفیق، احمد نواز، آئی آرایس پی کے ایر یاکوارڈنیٹر مسعود،آئی آر ایس پی کے الطاف خان، ادریس خان، شاہ فہد،رابعہ علی،خاتون سوشل ورکر نصرت آرا،حسن حساس،افغان مہاجر کیمپ بر کے صوابی کے صدیق،ملک نور احمد،عبدالواحد،مرسلین اور دیگر نے بھی خطاب کی،مقررین نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ملک میں پناہ گزینوں کے لیے مثالی سخاوت، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے، بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کی دیرینہ صورتحال کو فراموش نہیں کرناچاہیے، پاکستان اس وقت بھی30 لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کررہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان افغان مہاجرین کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے۔ اور سکالر شپس کو کوٹہ بڑھائے تاکہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو، مسعود خان نے کہا کہ یو این ایچ سی آرافغان مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کیمسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں،کیمپوں میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کو تمام تر سہولیات فراہم کر نے کے علاوہ پینے کی صاف پانی اور صحت کی سہولیات فراہم کررہے ہیں،پاکستان پناہ گزینوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے، اس دن کو مناتے ہوئے ہم دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، یہ دن ہمیں یاددہانی کراتا ہے کہ ہم جبری نقل مکانی کے محرکات پر غور کریں اور تنازعات کی روک تھام اور ان کے حل سمیت پناہ گزینوں کے حالات کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ پاکستان نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے دنیا کے سب سے بڑے اور طویل ترین مہاجرین کے حالات میں سے ایک کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر ڈالی ہے، پاکستان 30 لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کررہا ہے۔