پشاور (مانند نیوز)سوئی ناردرن گیس حکام نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہائی کرا دی ہے. مذکورہ پیش رفت نگران معاون خصوصی برائے محنت ملک مہر الٰہی اور جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس کمپنی پشاور کے جنرل منیجر رحمت اللہ سے ملاقات کے دوران بدھ کے روز پشاور میں سامنے آیا. معاون خصوصی برائے محنت ملک مہر الٰہی نے ملاقات کے دوران جی ایم سوئی ناردرن گیس کو پشاور شہر میں شہریوں کو گیس کی قلت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پشاور شہر میں گیس لوڈ شیڈنگ ایک چیلنج بنتا جا رہا ہے جس پر قابو پانا ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی جیسی پر مسرت موقع پر گیس لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے تاکہ شہری اس خوشی کے موقع پر اپنے دن بہترین طریقے سے گزار سکیں. جی ایم سوئی ناردرن گیس کمپنی رحمت اللہ نے معاون خصوصی برائے محنت ملک مہر الٰہی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل گیس فراہمی جاری رہے گی جبکہ عیدالاضحیٰ سے پانچ دن قبل شہریوں گیس لوڈ شیڈنگ سے فری خدمات فراہم کئے جائیں گے. معاون خصوصی برائے محنت ملک مہر الٰہی نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے جی ایم سے اپنی گفتگو میں کہا کہ شہر پشاور میں گیس لوڈ شیڈنگ پر مستقل بنیادوں پر قابو پانا ضروری ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت تمام تر معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ اس ایشو کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے.