سوات (مانند نیوز)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی سوات (ڈبلیو ایس ایس سی سوات) نے تین روزہ عیدالاضحی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، عید کے تین دنوں میں قربانی کے جانوروں کی تقریباً 1855 ٹن آلائشیں اور باقیات اٹھائی گئیں، آلائشیں اور باقیات ڈمپنگ سائٹ میں محفوظ طریقے سے مٹی اور چونے کا کور دینے اور سپرے کے بعد تلف کی گئی۔ عیدالاضحی آپریشن کا افتتاح عید کے پہلے روز قائم مقام ڈپٹی کمشنر سہیل خان نے کیا تھا، جنرل منیجر آپریشن انجینئر ذیشان پرویز اور ڈبلیو ایس ایس پی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔آپریشن میں 500 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔100 سے زائد گاڑیوں میں آلائشیں اٹھائی گئیں، مینجمنٹ سٹاف بھی ڈیوٹی پر موجود رہا، مختلف ٹیمیں آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں،ہیلپ لائن نمبر، 1334 بھی تینوں دن فعال رہا، آپریشن کے بعد کلیکشن پوائنٹس اور ٹرانسفر سٹیشنوں کو دھو کر چونا ڈالا گیا اور سپرے کیا گیا ہے۔قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات محفوظ طریقے سے اٹھانے کے لئے عید سے پہلے لوگوں میں بائیو ڈیگریڈیبل تھیلے تقسیم کئے گئے تھے جبکہ سوشل موبلائزرز ٹیموں کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی، کلیکشن پوائنٹس اور شہر بھر میں آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے گئے تھے۔منتخب نمائندوں اور عوام نے عید الاضحی پر صفائی یقینی بنانے پر ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے ورکرز کے محنت کو سراہا اور انکو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ دن رات کام کر کے عملے نے آلائشیں بروقت اٹھائیں اور ماحول کو صاف رکھا۔عید کے پہلے روز 900، دوسرے روز 500 اور تیسرے وآخری روز 455 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔ آپریشن میں ڈبلیو ایس ایس سوات کی 500 سینیٹری ورکرز نے حصہ لیاجن میں سنیٹری ورکرز، سپروائزرز، ہیلپرز اور ڈرائیورز شامل تھے جن کی نگرانی سنیٹشین ڈیپارٹمنٹ کے جنرل منیجر آپریشن انجینئر ذیشان پرویز اسسٹنٹ منیجر اور باقی سٹاف کر رہا تھاجس میں گلی محلوں سے آلائشیں اٹھا کر کلیکشن پوائنٹس منتقل کی گئیں اور چھوٹی بڑی گاڑیوں میں محفوظ مقامات تک لے جایا گیا۔گاڑیوں میں ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی 50 سے زائد اپنی جبکہ 45 سے زائد کرایہ کی گاڑیاں تھیں جس میں سوزوکی، منی ڈمپرز،چھوٹے ٹریکٹرز، بڑے ٹریکٹرز، کمپیکٹرز، شاولز، ملٹی لوڈر اور ایکسکیویٹرز کے ذریعے آلائشیں اٹھائی گئیں۔ گلی محلوں سے آلائشیں جمع کرنے کے لئے 200 کلیکشن پوائنٹس کئے گئے تھے جس سے آلائشوں کو چھوٹی بڑی گاڑیوں کی ذریعے اٹھایا گیا۔