ڈیرہ اسماعیل خان (مانند نیوز) مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں تاحال انگریز کا نظام جاری ہے اس لیے 75 سال بعد بھی مظلوم کو انصاف نہیں مل رہا۔اس نظام کو چلانے والے ذمہ دار ہیں چاہے وہ فوجی آمر ہوں یا سیاست دان۔اس وقت شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان حاکم ہیں اور یہ لوگ 75 برسوں سے مسلط ہیں۔ان کے بنگلے، گاڑیاں اور بینک بیلنس بے حساب ہیں جب کہ عوام کو سہولتیں نہیں مل رہیں۔سرمایا داروں اور جاگیرداروں کے کتوں کی خوراک بھی درآمد کی جاتی ہے۔وہ گزشتہ روز مقامی شادی ہال میں ورکرز کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ساتھ دینے کے لیے کہا گیا۔میں نے زرداری و شہباز شریف سے پوچھا کہ آپ شریعت نافذ کریں گے، سودی معیشت کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے جواب دیا کہ نہیں۔ہم تو سیاست کر رہے ہیں۔یہ لوگ ایک صفحے پر ہیں۔ہ۔انہوں نے مل جنس پرستی کا قانون اور قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ڈاکٹر عافیہ کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔پرویز مشرف نے عافیہ کو، نوازشریف اور زرداری نے ایمل کانسی و یوسف رمزی کو بیچا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے امام مولانا فضل الرحمان ہیں مگر سود کی شکل میں خدا و رسول کے ساتھ جنگ جاری ہے لہزا ایسی حکومت کا ساتھ دینا بھی خدا و رسول کے خلاف جنگ ہے۔اس لیے جماعت اسلامی سب سے الگ اور تنہا کھڑی ہے اور ہمارے ساتھ اللہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران غریب ہوں تو عوام کو سہولیات ملتی ہیں لیکن حکمران امیر ہوں تو پھر عوام تنگ دست ہوتے ہیں۔یہ لوگ ہزار سال بھی حکومت کرتے رہے تب بھی تبدیلی نہیں لائیں گے اور انقلاب برپا نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو انصاف اور بنیادی ضروریات فراہم کرے گی۔بچوں کوتعلیم،بزرگوں کو بڑھاپا الاونس،صحت کی سہولتیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن کی بیحرمتی کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج ہوا اور بہت سارے مسلم ملکوں نے سویڈن کے سفرا ملک بدر کر دیے مگر ہمارے حکمرانو ں نے امریکا و یورپ کے خوف کے باعث صرف قراداد منظور کی۔جماعت اسلامی قرآن کا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے۔وہی عافیہ کو واپس لاسکتی اور کشمیر کو آذاد کروا سکتی ہے۔پس عوام ہمارا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی خیبر پختون خوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع نے کہا کہ جماعت اسلامی قوت و محبت اور ظالم کے سامنے ڈٹ جانے والی تنظیم ہے۔مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ،ان کے فرزند وفاقی وزیر اور صوبے کا گورنر ان کا ہے اور اڈیرہ کا ایک تحصیل چیئرمین پانی کی بوند بوند کے لیے آہ و زاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو پیسے پیسے کا حساب لے گی اور عوام کو بنیادی سہولیات دے گی۔تحصیل چیئرمین درابن کلاں احسان اللہ میاں خیل نے قرآن پاک کی اہانت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے۔اسی لیے میں جماعت میں شامل ہوا۔انہوں اپنی تحصیل کے 3وام کے لیے تکلیف دہ مسائل پر مبنی وڈیو دکھائی اور حل کا مطالبہ کرتے ہوئے قیادت سے شکوہ کیا کہ ہماری آہ و فغاں سنی گئی نہ فریاد رسی کی گئی ہے۔میں اور میرے علاقے کے لوگ منتظر ہیں کہ ہمیں بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی جائے اور وفاقی و صوبائی اسمبلی کو جھنجوڑا جائے۔چشمہ رائٹ بینک کینال بحال کروائی جائے۔متاثرین سیلاب کو مالی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کلاچی حلقہ انتخاب میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی ممکن بنائی جائے۔جماعت اسلامی خیبر پختون خوا یوتھ ونگ کے رہ نما سمیع اللہ نے قرآن کریم کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے مگر حکمرانوں کی روزی روٹی ان کے اور آئی ایم ایف کے ساتھ وابستہ ہے اس لیے حکومت جرات مندانہ قدم نہیں اٹھا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم نظام بدلنا چاہتے ہیں۔عوام ساتھ دیں۔ضلعی امیر منظر مسعود خٹک نے سراج الحق سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ ورکرز کنونشن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ عوام جماعت اسلامی کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔جب سیلاب آیا تو منتخب نمائندے منظر سے غائب مگر جماعت اسلامی کے کارکنان متاثرین کی مدد کر رہے تھے۔الخدمت فاونڈیشن نے چالیس کروڑ روپے سے متاثرین کی خدمت کی۔ امیدوار صوبائی اسمبلی محمد عقیل ڈومرہ نے کہا کہ مجھے موقع دیا گیا تو میں منتخب ہو کر ماضی و حال کے نمائندوں سے بڑھ کر عوام کی خدمت کروں گا اور سب سے زیادہ ترقیاتی کام کروں گا۔چیئرمین چودھواں دیہہ کونسل عبدالمتین بابڑ نے کہا کہ درابن کلاں تحصیل میں انسان اور حیوان ایک ہی تالاب سے پانی پیتے ہیں اور جانور اسی پانی میں پیشاب کرتے ہیں۔لوگوں کو صحت و تعلیم کی سہولتیں میسر نہیں۔عوام حکمرانوں سے شکایت کرنے سے پہلے اپنا محاسبہ کریں کہ ووٹ کسے دیتے ہیں۔سابق ضلعی امیر و امیدوار یوسف خٹک نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔