کوہاٹ (مانند نیوز)پیر کے روز ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہل تشیع و اہل سنت کے مشران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ جرگہ کا انعقاد کیا گیا جن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہریار قمر، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ عثمان اشرف، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، پاک آرمی کے افسران، ٹی ایم ایز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر،ریسکیو 1122، ایکسین پیسکو اربن/ رورل اور اہل تشیع و اہل سنت کے مشران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے محرم الحرام میں تمام اجتماعات و مجالس میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں جس پر تمام مکاتب فکر کے شرکاء نے محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی اور آخر میں امن و امان اور محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔