باجوڑ (مانند نیوز)باجوڑ میں 18ویلج کونسلوں میں خواتین کونسلرزجبکہ2یوتھ کونسلرز سیٹوں پر الیکشن ہونگے۔ خیبر پختونخوا میں ویلج ونیبر ہوڈ کونسلوں میں مختلف کیٹگریز کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیاگیاہے۔جس کے مطابق 27 اگست 2023 کو انتخابات ہو نگے۔ اس مقصد کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر باجوڑا جمل حفیظ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ شیڈول کے مطابق ریٹرنگ افسران 14 جولائی 2023 کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 17 جولائی سے 19 جولائی 2023 تک جمع کر اسکتے ہیں۔ 20 جولائی 2023 کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی۔ کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 21 جولائی سے 24 جولائی 2023 کو ہوگی۔ کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 25 جولائی سے 26 جولائی 2023 تک داخل کی جاسکیں گی۔ان اپیلوں پر فیصلہ یکم اگست 2023 تک کیا جائیگا۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 2 اگست 2023 کو جاری کی جائیگی۔امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 3 اگست 2023 تک واپس لے سکیں گے۔ 4 اگست 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر کے ان کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق ان اضلاع میں سر کاری ملازمین کی ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔وزیر اعظم، سپیکر،ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی،وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت عوامی نمائندوں کا ان کو نسلوں میں انتخابات تک جانے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر پابندی ہوگی۔