سخاکوٹ(مانند نیوز) درگئی بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب بار روم درگئی میں منعقد ہوئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملاکنڈمحمد اقبال خان نے درگئی بار ایسوسی ایشن کے نئے کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر ڈی سی ملاکنڈ شہاب محمد خان، اے سی درگئی شہباز محمد خان، ایڈیشنل اے سی زید خان صافی، ایڈیشنل سیشن جج طلاء محمد، سینئر سول جج عطاء الرحمان سمیت وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر فضل احمد ایڈوکیٹ نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل بیان کئے اور ان کے حل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ عوام نظام کے خلاف باتیں کررہے ہیں اور وہ موجودہ عدالتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں اور یہ سب وسائل کی کمی کی وجہ سے ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قانون کی پاسداری کرنی چاہئے۔انصاف اور قانون کی پاسداری ہو تو عوام مطمئن ہوں گے۔تقریب سے سینئر سول جج طلا محمد خان، ڈی سی شہاب محمد خان، بٹ خیلہ بار کے صدر شیرین خان ایڈوکیٹ، نسیم اللہ خان ایڈوکیٹ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملاکنڈ محمد اقبال خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے درگئی بار کے سابقہ کابینہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کے حالات خراب ہیں اور معاشرے میں امن و امان اور جرائم کے مسائل بہت زیادہ ہیں لیکن ہمیں اس کے خلاف مشترکہ طور پر کوشش کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کا کردار اس سلسلے میں روزروشن کی طرح عیاں ہے۔انہوں نے آخر میں وکلاء برادری سے ہر قسم کی تعاؤن کا اعلان بھی کیا۔