پشاور(مانند نیوز) جمعیت علمائے اسلام پی کے 78 کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف بیت النصر سے امین کالونی چوک تک ایک عظیم الشان عظمت قرآن ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پی کے 78 کے امیر مولانا سہیل درویس‘ جنرل سیکرٹری مولانا سہیل نواں کلی اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ارباب فاروق جان کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء ارباب فاروق جان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں اس قسم کے واقعات کا رونما ہونا عالمی تنظیموں پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ اس قسم کے واقعات کے روک تھام کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو دنیا بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں تاہم قرآن کریم کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سویڈن میں ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے سویڈن سے سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کئے جائیں اور پاکستانی سفیر کو بلا کر سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنظیموں اور پاکستان کے حکمرانوں کی جانب سے سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کی صرف مذمت کرنا کافی نہیں ہے یہ تمام اہل اسلام کے دل و دماغ پر گہرے اثرات چھوڑ گیا۔انکا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مل کر ایک مضبوط احتجاج کریں جس میں یورپ اور امریکہ کے حکمرانوں کو یہ تاثر دیا جائے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے واقعات اب بند ہونے چاہئیں او آئی سی امریکہ اور یورپ کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرے۔