ہنگو(مانند نیوز) پائیدار امن اور مزہبی رواداری کے فروغ میں ہنگو کی مثبت صحافت کا کردار نمایاں ہے،ہنگو کی سماجی و کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل امن و امان کی پرکشش فضا کی عملی تصویر ہے،ذمہ دارانہ اور مثبت رپورٹنگ ہنگو کے صحافیوں کا شعار رہا ہے، سوشل میڈیا کو منفی استعمال کے لیے فری ہینڈ نہیں دے سکتے،تعصب اور منفی سوچ کا پرچار کرنے والے سوشل اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ ایف آئی اے کے سپرد کر رہے ہیں، ہنگو اور اورکزئی کے صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر،ڈی پی او آصف بہادر اور ونگ کمانڈر ٹل سکاؤٹس کرنل علاؤ الدین نے ڈپٹی کمشنر آفس ہنگو میں پریس کلب سے وابسطہ صحافیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع ہنگو اوراورکزئی کے صحافیوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ہنگو، اورکزئی اور کرم میں پائیدار امن اور مزہبی کشادگی کے ماحول میں صحافیوں کے کردار کی ستائش کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر نے کہا کہ ہنگو میں پائیدار امن اور مزہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے میں قومی مشران، امن کمیٹی ممبران اور انتظامیہ کے زمانہ بشانہ صحافیوں نے بھی بھر پور کردار ادا کیا ہے اور ہم صحافیوں کی تعمیری،مثبت اور علاقائی مفاد سے جڑی ہوئی صحافتی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت قلم اور کیمرے کے استعمال میں زیادہ ذمہ داری کا حالات تقاضا کرتے ہیں اور ہمیں اپنی صحافی برادری کی باریک بینی اور معاملہ فہمی پر پورا اعتماد ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف بہادر نے کہا کہ ہنگو پولیس اور انتظامیہ کا صحافیوں سے تعلق انتہائی مثالی اور اعتماد پر مبنی ہے اور ہم نے ہمیشہ مثبت تنقید کو اپنی اصلاح کے لیے استعمال کیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کو منفی رجحانات اور امن کے خلاف استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اس ضمن میں ایف آئی اے کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ونگ کمانڈر ٹل سکاؤٹس کرنل علاؤ الدین نے کہا کہ ہر قسم کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار پائیدار امن پر ہے اور ہنگو کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقہ جات میں مزہبی ہم آہنگی اور امن کے لیے صحافیوں نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہنگو کے صحافی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امن کے لیے قلم و کمیرے اور اپنے خیالات کو بروئے کار لاتے رہیں گئے۔اس موقعہ پر سئینر صحافیوں طارق محمود مغل،اسرار احمد اورکزئی،شہید خان اورکزئی،زاہد مصری خان نے ہنگو میں امن و امان کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامی افسران کو تجاویز دیں اور واضح کیا کہ ہم ذمہ دارانہ صحافت کے مشن پر کابند رہیں گئے اور ایسے عناصر کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گئے جو علاقائی امن کے لیے مثبت اقدام کے مخالف ہیں۔