پشاور(مانند نیوز) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر مردان جمال شاہ مہمند نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور انکی تعلیم و تربیت ایک دینی فریضہ ہے اور ا لاصلاح سنٹر مردان نے اس بھاری ذمہ داری کا بیڑا اٹھایا ہے جو کہ انتہائی مشکل کام ہے لیکن اگر کوئی کام خلوص نیت سے کیا جائے تو ا للہ تعالیٰ اس کیلئے خود بخود وسائل پیدا فرما دیتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا لاصلاح سنٹر مردان کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کیا اس موقع دارلکفالہ مردان کے سپرنڈنٹ اسماعیل ٹکر اور سوسائٹی کے اراکین بھی موجود تھے، ا لاصلاح سنٹر مردان کے چیئرمین عنایت الر حمان نے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر جمال شاہ مہمند نے بریفینگ دیتے ہو ئے کہا کہ خیبر پختو نخوا میں اپنی نوعیت کا ایک ایسا منفرد ادارہ ہے جہاں نہ صرف یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے بلکہ ان بچوں کو اسی ادارے میں قائم سکول میں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ ووکیشنل ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔ اس ادارے کی ایک اور منفرد خصوصیت یہاں مقیم بچوں کو کھیل کود کے ساتھ ساتھ دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے بہترین مواقع کی فراہمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت 40 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں،اور ان میں اکثریت ایسے بچوں کی ہے جنہیں خوراک ، صحت اور تعلیم اور تربیت کی مناسب سہولیات میسر نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی ارتقاء اور جسمانی نشوونما کے لیے تفریح انتہائی ضروری ہے۔ بچوں کی تفریح کو یقینی بنانے کے لیے الا صلاح سنٹر سال بھر میں مختلف تفریحی پروگرام ومختلف سرگرمیاں اپنے شیڈول کے مطابق ترتیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں ایک ایسے مشن کیلئے منتخب کیا ہے جو رسول اللہ ﷺ کے بہت قریب تھا ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد الا صلاح سنٹرکے بچوں کو پاکستان کا قابل فخر شہری بنانا ہے تاکہ وہ نہ صرف پاکستان کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں بلکہ ملک کا سر فخر سے بلند کر سکیں.