ڈیرہ اسماعیل خان(مانند نیوز) لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کا انتخابی اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخواہ حاجی انور کمال خان منعقد ہوا، جس میں ڈیرہ ڈویژن کے تمام بلد یاتی اداروں کے یونینز لیڈران نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اجلاس سے صوبائی چیئرمین لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخواہ شوکت علی انجم، حاجی انور کمال خان، صوبائی جنرل سیکرٹری محمد سلمان ہوتی، سینئر نائب صدر نیاز علی خان، محبوب اللہ، لال بادشاہ، قیصر کامران، سعید گل، رفیق چشتی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا، فیڈریشن رہنمائوں نے بلدیاتی ملازمین کے مسائل ومشکلات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی اضلاع کے بلدیاتی ادارے مالی طور پر عدم استحکام کا شکارہیں، اسلئے یونین لیڈران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ غیرضروری اخراجات کا راستہ روکنے اور ٹی ایم اے کو مالی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں، لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کی کاوشوں سے سروس سٹرکچر کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، مقررین نے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو یقین دلایا کہ صوبہ بھر کے بلدیاتی ملازمین فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور مشترکہ جد و جہد کے ذریعے تمام مسائل حل کرینگے، اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے 2فیصد پراپرٹی ٹیکس کے 2ارب روپے فی الفور جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔