اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے توشہ خانہ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انہوں نے 19جولائی کو اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہونا ہے اسی وقت وہ نیب کے سامنے بھی پیش ہوسکتے ہیں۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو سوموار کے روز توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے سوموار کے روز نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی۔ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش ہو کر توشہ خانہ کیس میں سوالات کے جوابات دینے کی ہدایت کی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایک صفحہ پر مشتمل تحریری جواب نیب میں جمع کروایا گیا۔ جواب میں کہا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر وہ لاہور سے اسلام آباد کم سفر کرتے ہیں۔ جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ نیب قوانین کے سیکشن 18سی کے تحت انکوائری رپورٹ صرف میں وصول کرسکتا ہوں،اس لئے یہ رپورٹ کسی اورکو نہ دی جائے۔جواب میں یہ کہا گیا کہ جب میرا جواب نیب کو موصول ہو تو انکوائری رپورٹ میرے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان کو دی جائے۔ جواب میں کہا گیاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں سپریم کورٹ آ ف پاکستان نے مجھے رہا کرنے کا حکم دیا توانکوائری رپورٹ بھول گیا تھا، نیب نے رپورٹ حوالے کی تھی لیکن وہ پولیس کی حراست میں ہی رہ گئی تھی، لہذا میرے وکیل کو یہ رپورٹ مہیا کردی جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے 19جولائی کو پیش ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے انہیں کال اپ نوٹس جاری کر کے سوموار کے روز پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ ZS