کرم (مانند نیوز)حالیہ کرم تنازعہ میں امن تیگہ رکھنے والے تیس رکنی جرگہ کی خدمات کے اعتراف اورکوہاٹ ڈویژن کے حساس اضلاع میں محرم الحرام کے عشرہ میں مکمل امن یقینی بنانے کیلئے جمعرات کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری مہمان خصوصی تھے جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ا ختر حیات خان گنڈاپور،وفاقی وزیر ساجد طوری، ڈی آئی جی کوہاٹ،پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز،پاک فوج کے افسران،کرم امن جرگہ کے کوہاٹ،ہنگو اوراورکزئی سے تعلق رکھنے والے تیس ممبران،کرم ودیگر اضلاع کے شیعہ وسنی عمائدین اوردیگرذمہ داروں نے جرگہ میں شرکت کی۔ کمشنرکوہاٹ محمد علی شاہ نے تقریب کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کرم میں امن تیگہ رکھنے پر تیس رکنی جرگہ کے ممبران،ڈی سی کوہاٹ اورڈی سی کرم کی گرانقدر خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،آئی جی پولیس اخترحیات خان گنڈاپور، وفاقی وزیر ساجد طوری اوراضلاع کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اورکرم کے نمائندہ مشران نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کرم امن تیگہ یقینی بنانے والے مشران اورسرکاری افسران کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا اوراس عزم کا یقین دلایا کہ محرم کو امن،محبت،بھائی چارے اوراسلامی اخوت کا ایک بہترین نمونہ بنانے کیلئے سرکاری افسران اورقومی مشران بھرپورکردار ادا کریں گے۔چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ اگرچہ وہ پشتو نہیں سمجھتے لیکن وہ مشران کی تقاریر میں خلوص،محبت اوربھائی چارے کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔ انہو ں نے مشران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ضلع کرم میں گولیوں کی آگ میں امن کیلئے دن رات خطرات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امن کا اثر پورے ملک میں ہوگا اورپوری دنیا کوامن کاپیغام جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بھائیوں کے درمیان بھی مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں تاہم اختلافات ومسائل کومشران اورفریقین محبت اورخلوص سے حل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن خراب کرنے والوں کو ضرورسزا دے گی۔ انہوں نے مشران پرزور دیا کہ نہ صرف امن قائم کرنے کویقینی بنائیں بلکہ مٹھی بھر شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کا فریضہ بھی پوراکریں۔ انہوں نے مشران کے امن کے قیام کے عزم کی تعریف کی اورتوقع ظاہر کی کہ انتظامیہ،مشران اورباشعور شہریوں کے تعاون سے اس خطہ میں مستقل اورپائیدارامن قائم ہوگا۔آئی جی پولیس اختر حیات خان نے امن قائم کرنے پر جرگہ کو خراج تحسین پیش کیا اورامن کے قیام میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔