مالاکنڈ (مانند نیوز) کمشنر ملاکند شاہد اللہ خان نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال،این ایچ اے اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کو سختی سے تاکید کی ہے کہ وہ حالیہ سیلاب اور شدید بارشوں کی وجہ سے ضلع بھر میں متاثرہ رابطہ سڑکوں اور پلو ں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھائیں،انہوں نے مزید ہدا یت کی کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کی کاموں میں کسی قسم کی غفلت،کوتاہی یا رکاوٹوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ تاکید انہوں نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال خالد زمان خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریلیف کے کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے تمام محکموں کے حکام کو اپنے اپنے اداروں سے متعلقہ بحال کے کاموں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں کمشنر ملاکنڈ نے متاثرہ سڑکوں کا بھی دورہ کیا اور پوری بحالی پر ضلع انتظامیہ اپر چترال اور دوسرے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ باقی ماندہ منقطع رابطہ سڑکوں اور پلوں کو ہنگامی طور پر ٹریفک کے لیے کھولنے یا متبادل سٹرک تعمیر کریں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یہ بھی ہدایت کی کہ اپر چترال میں اسسمنٹ کا کام جلد ازجلد مکمل کریں تاکہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانو ں کو معاوضہ بروقت اد ا کیا جا سکے۔