کرم (مانند نیوز)خیبرپختونخواہ کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کرم میں بھی آج سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔مہم کے دوران پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو بچاؤ کے دو قطرے پلائے جارہے ہیں۔ڈی پی او آفس سے جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق کرم پولیس کے 1600سے زائد جوانان و افسران 588 پولیو ٹیموں کے ہمراہ حفاظتی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کردئیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر جانے سے قبل خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ہے۔سرکل پولیس افسران وقتاً فوقتاً چیک پوسٹوں، بی ایچ یوز اور مختلف ہسپتالوں کے دورے کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم محمد عمران(پی ایس پی) نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور پولیس حکام کی سیکیورٹی نگرانی کیلئے کرم پولیس نے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کرکے موبائل پیٹرولنگ سمیت مختلف اور اہم پوائنٹس پر اضافی ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی ہیں جہاں جاری کمپین کے دوران امن و امان کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوانوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں پولیو ڈیوٹی کے دوران تمام پولیس افسران اور اہلکاران کو بلٹ پروف جیکٹس و ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔