پشاور(مانند نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان جڑواں بھائی ہیں، انھیں جدا نہیں کیا جاسکتا۔ ہماری تہذیب، ثقافت اور دین مشترک ہیں۔ افغان مہاجرین کے انخلاء کے فیصلے میں جلد بازی سے گریز کیا جائے۔ دونوں ممالک انخلاء کے حوالے سے ملکر جامع منصوبہ بنائیں۔ عجلت میں کیے گئے فیصلوں اور اقدامات سے طرفین میں دوریاں اور مسائل جنم لیں گے۔ دونوں ملکوں نے ملکر استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ خوشحال مستقبل کے لیے بھی ملکر منصوبہ بندی کریں۔ ایک ایسے وقت میں کہ جب افغانستان میں ایک مستحکم حکومت قائم ہے، دیگر ممالک اپنے سفارت خانے کھول رہے ہیں، پاکستان کو نفرت کو ہوا نہیں دینی چاہیے۔ جماعت اسلامی افغانوں کا مقدمہ لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کی کمیٹی برائے افغان امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت افغان امور کمیٹی کے صدر شبیر احمد خان کررہے تھے۔ اجلاس میں کمیٹی کے جنرل سیکرٹری و ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی بختیار معانی، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان ایڈووکیٹ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں پاک افغان حکومتوں کے درمیان تناؤ اور افغانوں کو پاکستان سے نکالنے کے اعلان کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے نصف صدی سے مسلسل افغانوں کا ساتھ دیا ہے اور اس کے لیے بڑی قیمت بھی ادا کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں افغان حکومت سے بھی امید ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ دونوں ممالک کا اختلاف ہمارے خلاف سیکولر قوتوں کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے دونوں ملکوں کے عوام کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک پاکستان میں غیر رجسٹرڈ افغانوں کے انخلاء کے لیے 31 اکتوبر تک کوئی با عزت راستہ نکالنے کی کوشش کریں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے