پشاور(مانند نیوز) ملک رؤف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روزمنشیات کے خلاف آگاہی مہم کی مناسبت سے ایگریکلچر یونیورسٹی پشاور میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تنظیم الاعوان پاکستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری و صدارتی انٹر نیشنل امن ایوارڈ یافتہ ملک طارق اعوان مہمان خصوصی، چیئرمین ملک رؤف فاؤنڈیشن ملک رؤف اعوان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت، رجسٹرار رضوان احمد، ِ خالد خان نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ،چئیرمین باچا خان ایجوکیشنل ٹرسٹ وقارخان خٹک، طلباء و اساتذہ کی بڑی تعداد اور دیگر سماجی و کاروباری شخصیات موجود تھیں۔تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ میزبانی کے فرائض زین اعوان اور حفضہ ذوالفقار نے انجام دیے۔ اس موقع پر چئیرمین ملک رؤف فاؤنڈیشن ملک رؤف اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر کا سب سے بڑا اور عظیم المیہ منشیات کے استعمال میں اضافہ ہے جس نے ہماری نئی نسل کی زندگیوں کو مفلوج کر دیا ہے ملک رؤف فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت یہ مہم چلا رہی ہے۔انکا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو ملکی و قومی سطح پر مشترکہ انداز سے حل کرنے کی ضروت ہے۔صرف حکومتی اور فلاحی ادارے ہی نہیں بلکہ تمام طبقات بلخصوص میڈیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ منشیات کے استعمال کے رجحا نات کو کنٹرول کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔انھوں نے تعلیمی اداروں کے سرپرست حضرات اورعلماء و اساتذہ کرام پر بھی زور دیا کہ والدین کے ساتھ ساتھ یہ حضرات بھی طلباء کو منشیات کے نقصانات کے حوالے سے آگاہ کریں کیونکہ اسلامی تعلیمات کی رو سے بھی منشیات کا استعمال حرام ہے اور اس سے پرہیز لازم ہے، تقریب سے دیگر معززین نے بھی خطاب کیااور ملک رؤف کی منشیات کے خلاف کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ملک رؤف فاؤنڈیشن اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کر کے معاشرے میں منشیات کے خلاف آگاہی پیدا کر رہی ہے جو خوش آئند ہے انھوں نے نشے سے ہونے والے نقصانات پربھی روشنی ڈالی اور عہد کیا کہ عوام کی طاقت سے منشیات کے ناسور کو اس معاشرے سے ختم کر کے دم لیں گے۔اس موقع پر چئیرمین ملک رؤف اعوان نے مہمانوں کو شیلڈ پیش کی اورآخر میں ملک طارق اعوان نے انتظامیہ، پولیس ڈیپارٹمنٹ،میڈیا نمائندگان اور تمام آئے ہوئے مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔