پشاور(مانند نیوز ) رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن مردان کے پروگرام منیجر سہیل اقبال کاکا خیل نے کہا ہے کہ اس جدید دور میں بھی خواتین کومساوی حقوق اور ترقی کے برابر مواقع نہیں مل رہے۔ انہیں تعلیم، صحت، تحفظ و دیگر حوالے سے مسائل کا سامنا ہے جس سے ان کی زندگی میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار نے اپنے دفتر مردان میں ریفرل پارٹنر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،اجلاس میں رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کے ممبران،ڈاکٹر رابعہ شاہ،لیبر ایجوکیشن کے حسن حساس،ڈاکٹروں اور سول سائٹی نے شرکت کی، سہیل اقبال کاکا خیل نے کہا کہ رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان صنفی تشدد کا شکار خواتین کو تمام تر صحت کی سہولیات، تحفظ اور مشکل کی صورت میں فوری مدد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،انہوں نے کہا کہ رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن بہت جلد ضلع مردان کے مختلف علاقوں میں خواتین کیلئے فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کررہی ہے ان کیمپوں میں خواتین کو معائنے کے علاوہ الٹراساونڈ، میڈیکل لیبارٹری ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کریگی، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے ان میں بڑھتی ہوئی آبادی کا مسئلہ سرفہرست ہے اگر بڑھتی ہوئی آباد ی کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو ہمارے وسائل ختم ہوجائیں گے اور قوم مسائل کے گرداب میں پھنس جائے گی۔