پشاور(مانند نیوز ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی گذشتہ روز دورہ سوات کے دوران ایوان صنعت وتجارت پہنچے جہاں پرتاجربرادری کی جانب سے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمدخان بھی گورنر کے ہمراہ تھے جبکہ سابق صدروبانی سوات چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری احمدخان،سابق نائب صدر نور محمد، سابق نائب صدر علی محمد،موجودہ سینئر نائب صدر بخت کرم، نائب صدر ذاکر ایگزیکٹیو اراکین سمیت تاجربرادری کے دیگر نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔تاجربرادری نے مسائل کے حل کیلئے گورنرکی بے لوث کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر نے کہاکہ تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتی ہے۔اپنی تاجربرادری کے تعاون سے مختلف عہدوں پر فائز رہا۔ ملک بھر کی تاجربرادری کی بلا امتیاز خدمت کی اور آج گورنر کی حیثیت سے بھی تاجربرادری کے مسائل کے حل کیلئے آئینی کردار ادا کررہاہوں۔ میری ترجیح ایمانداری، خلوص نیت ہے۔ چاہتاہوں کہ بزنس کمیونٹی بھی متحد ہوں تاکہ ملک کی ترقی وخوشحالی میں بہتر طریقے سے کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے دورہ پشاور کے دوران بزنس کمیونٹی کے مسائل سے بھی آگاہ کیاجس پر وزاعظم نے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ #