پشاور(مانند نیوز ڈیسک) پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں رات کے وقت ایک درجن جنگلی سور کی سڑکوں پر گشت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بتایا جاتا ہے کہ سوروں نے فیز سیون آئی ایم سائنسز کے ساتھ پل کے قریب ایک بڑا ہول بنا رکھا ہے جہاں روزانہ رات کی درمیانی شب سوروں کا جھنڈ نکل کر حیات آباد کی گلیوں میں گھومتا ہے۔فیز 6 حیات آباد F10 میں بننے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک درجن کے قریب سور قطار کی شکل میں اپنی خوراک کی تلاش میں ایک جگہ سے دوسری جگہ پھر رہے ہیں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔واضح رہے کہ تین ماہ پہلے بھی اسی طرح سوروں کا ایک گروپ نکل آیا تھا جس کے حملے سے ایک ٹیکسی ڈرائیور اور ایک چوکیدار زخمی بھی ہوا تھا۔اہالیان حیات آباد کے مطابق حیات آباد میں سوروں کی موجودگی کا انکشاف تقریباً تین ماہ پہلے ہوا تھا لیکن انتظامیہ یا پی ڈی اے کی طرف سے سوروں کو ٹھکانے لگانے کیلئے ابھی تک کسی قسم اقدامات نہیں لئے گئے انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے رونما ہونے سے قبل ہی حیات آباد کو سوروں سے پاک کیا جائے۔