اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کریں،سیاستدان اختلاف رائے یا الگ موقف رکھ سکتا ہے لیکن انتشار نہیں پھیلانا چاہیے،جمہوریت کی مضبوطی ضد اور ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کریں، سیاستدانوں میں اختلاف رائے کے باوجود گنجائش لازمی ہے اور وقت آگیا کہ سیاستدان اور سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاسی انتشار سے جمہوریت مضبوط ہوگی نہ ملکی مسائل حل ہوں گے جبکہ آپس میں گنجائش کا فائدہ کسی ایک جماعت کو نہیں بلکہ سب کوہوگا، سیاستدان اختلاف رائے یا الگ موقف رکھ سکتا ہے لیکن انتشار نہیں پھیلانا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل کسی ایک شخص یا جماعت کے پاس نہیں۔ ا نہوںنے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ خود سیاستدانوں کے سبب ماضی اور حال میں جمہوریت کیلئے مشکلات آئیں لیکن اب سنبھلنا ہوگا، سیاسی منشور اور سیاسی موقف دینا سب کا حق ہے مگر اولین ترجیح پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امت مسلمہ دونوں کئی مشکلات کا شکار ہیں، معاشی ترقی و استحکام سیاسی و داخلی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سب کوماضی کا علم ہے مگر اب جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی گنجائش کے فارمولے کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا، آصف علی زرداری اور بھٹو خاندان کے ساتھ سیاسی اختلاف کے باوجود پرانے تعلقات ہیں اور ہم ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں شرکت بھی کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش پیدا کرنی چاہیے کیونکہ جمہوریت کی مضبوطی ضد اور ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہے۔