لاہور (مانند نیوز) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام شخص تک پہنچانے کیلئے متحرک ہوگئے۔ ابراہیم مراد نے کرائے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو کرایہ جات میں کمی کیلئے آخری 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد تک کمی کرنے والے پنجاب کے ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہیں کئے وہ 24 گھنٹوں میں کرایوں میں کمی کا اعلان کریں۔ ابراہیم مراد نے قومی اور تمام نجی ائیرلائنز سے بھی کرایوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئَے کہا ہے کہ ائیر لائنز چونکہ صوبائی ڈومین میں نہیں آتیں، مگر اس کے باوجود ان سے کرایہ جات میں کمی لانے کی گزارش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز اور کارگو کمپنیاں بھی کرایوں میں کمی یقینی بنائیں گی۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ پبلک کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کو کرایہ جات میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایہ جات میں کمی کر کے اطلاق یقینی بنایا جائے۔ ابراہیم مراد نے مزید کہا کہ اطلاق شدہ کرائے ریگولیٹ کرنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کوشش کر رہا ہے کہ انٹرا سٹی اور انٹر سٹی کرایہ جات سرکاری طور پر مختص کروائے جائیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اوور چارجنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی