ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شاہد خان کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پرائس ریویوکمیٹی ملاکنڈ کا ایک اجلاس اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ روم بٹ خیلہ میں منعقد ہوا۔اجلا س میں مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے دوسرے اضلاع مردان اور دیر لوئر کی قیمتوں کا بھی موازنہ کیا جس کی روشنی میں ضلع ملاکنڈ میں بڑ ے گوشت کی قیمت 550 روپے کلو جبکہ چھوٹے گوشت کی قیمت 1100 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔اسی طرح کچی مچھلی 280 جبکہ پکی مچھلی 350 روپے فی کلو،کباب کی قیمت 520 روپے فی کلو،مکس مٹھائی اعلیٰ کوالٹی 650 روپے کلو، بسکٹ 600 روپے فی کلو، دہی 180 روپے کلو، اعلیٰ کوالٹی چاول 250 روپے کلو،کائنات چاول دوسری قسم 210 روپے فی کلو،چکن سجی 650 ر وپے جبکہ 150 گرام روٹی کی قیمت20 روپیمقرر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف قسم کی دالوں،گھی،چینی،آٹے اور دوسری خوراکی اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایا ں کمی کی گئی اور نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ نور نواز خان کے علاوہ تمام لائن ڈیپاٹمنٹس کے نمائندوں،انجمن تاجران کے صدر،تاجر برادری اور صارفین کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوے اسسٹنٹ کمشنرنے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس میں مقررہ کردہ اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر پرائس ریویوکمیٹی کے قیمتوں سے زیادہ نرخ وصول کرنے والے دکانداروں اور قصائیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔