پشاور (مانند نیوز)محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کی جانب سے جمعرات کو کامیاب آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران صوبائی وزیر آصف رفیق نے براہ راست عوامی شکایات و تجاویز سنیں جبکہ کھلی کچہری میں سیکرٹری خوراک ظریف المانی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی شارخ سمیت تمام متعلقہ آفیسرز شریک ہوئے. اشیاء خوردونوش کی بروقت فراہمی، کوالٹی اور قیمتوں کے حوالے سے آن لائن کھلی کچہری محکمہ خوراک کی فیس بک پیج پر لائیو نشر کی گئی جہاں عوام نے بذریعہ ای میل، ٹیلیفون اور فیس بک کے ذریعے اپنی شکایات اور تجاویز پہنچائیں جبکہ صوبائی وزیر آصف رفیق نے موقع پر ہی عوامی شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کئے. عوام کی جانب سے صوبائی حکومت کی عوام دوست اقدامات کی تعریف کی گئی جہاں عوام نے اشیاء خوردونوش کی کوالٹی، قیمتوں اور فراہمی پر اپنی شکایات و آراء پیش کیں. آن لائن کھلی کچہری کے موقع پر اپنی خطاب میں صوبائی وزیر خوراک آصف رفیق نے کہا اشیاء خوردونوش کی شکل میں مضر صحت اشیاء بیچنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے. محکمہ خوراک حکام اشیاء خوردونوش کی کوالٹی، قیمت اور فراہمی ممکن بنانے پر توجہ دیں. انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری منعقد کرنے مقصد عوام کو خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانی ہے. بزنس کمیونٹی بزنس سٹینڈرڈ کو فالو کریں ہم ان کو مزید سہولیات دیں گے. ایک عوامی سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر آصف رفیق نے کہا کہ سردیوں میں ضلع چترال کو آٹا ترسیل بہترین انداز میں جاری رہے گا. عوام کسی بھی قسم کی افواہ پر کان نہ دھریں. انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت اشیاء خوردونوش کی سپلائی لائن، ہول سیل اور مینوفیکچرنگ پوائنٹ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی جائیں.