ملاکنڈ (مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ شاہد خان مہمند کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی زید خان صافی نے سخاکوٹ بازار میں پرائس چیکنگ کی۔ چیکنگ کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ محکمہ خوراک ملاکنڈ کے ہمراہ الخلیل ہوٹل درگئی پھاٹک کا معائنہ کیا جہاں غیر صحت بخش گوشت اور کھانے پینے کی اشیاء پائی گئیں جس کی وجہ سے مذکورہ ہوٹل کو سیل کر دیا گیا اور ہوٹل کے مالک کو جیل بھیجوایا گیا۔مزید برآں قائد آباد میں ٹی ایم اے درگئی کے ساتھ مل کر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور کئی مقامات سے ناجائز تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ دوسری جانب تحصیلدار درگئی نے درگئی بازار کا معائنہ کیا۔ مختلف عام اشیاء کی دکانیں، پولٹری کی دکانیں، گوشت کی دکانیں، تندور، کھاد فروش، مٹھائی کی دکانیں، گندم، چینی، چاول فروش، اسلحہ اور گولہ بارود کی جانچ پڑتال کی گئی۔ کل 160 دکانوں کی چیکنگ کی گئی، 110 کو وارننگ دی گئی۔ مزید برآں تمام دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گورنمنٹ نوٹیفائیڈ پرائس لسٹ پر عمل کریں اور اپنے لائسنس اپلائی/رینیو کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عارضی تجاوزات بھی ہٹا دی گئیں۔اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ شاہد خان مہمند کی سربراہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوئی جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ملاکنڈ نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام آفیسرز کو بازار کی زیادہ سے زیادہ انسپکشنز کی ہدایت کی گئی اور یہ بات واضح کی گئی کہ گران فروشوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔