پشاور(مانند نیوز)الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا کے تحت14 بیروزگار خاندانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے ہتھ ریڑیاں اور ہرمحنت کش کو چھوٹے کاروبار کے لئے 50ہزار روپے مالیت کا سپورٹ فراہم کردیا گیا جس کے زریعے مذکورہ افراد اپنے گھرانوں کی کفالت کے لئے اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے۔اس سلسلے میں آغوش الخدمت ھوم سردارگڑھی جی ٹی روڈ پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے 14محنت کشوں کو سبزی، فروٹ، مچھلی، ڈرائی فروٹ،کھانے پینے کے سٹالز اور دیگر چھوٹے اور باعزت روز گار کے آغاز کیلئے ہتھ ریڑیاں اور روزگار کے لئے مالی تعاون فراہم کیاگیا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص نے کہا کہ معاشرے کے پسے ھوئے نادار اور ضرورت مند طبقات کو معاشرے کے اہل خیراور صاحب ثروت افراد اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے الخدمت فاونڈیشن ملک بھر میں بھرپور ریلیف فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج14افراد کو باعزت روزگار کے لئے وسائل فراہم کرنا دراصل 14خاندانوں کوسپورٹ کرنا ہے۔اس موقع پر انہوں نے بیروزگارمحنت کشوں کو ہتھ ریڑیاں اور روزگار کیلئے سبزی فروٹ اور دیگراجناس کی صورت میں سپورٹ بھی فراہم کردیا۔