پشاور(مانند نیوز) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمرشل بینکس کو ہدایات جاری کریں کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں چھوٹے و درمیانے درجہ کے کاروبار اور صنعتی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کویقینی بنائیں۔ خیبر پختونخوا سمندرسے دور ہونے کی وجہ سے بزنس کمیونٹی ٗ تاجروں اورایکسپورٹرز کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اُن کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے کمرشل بینکس ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں بالخصوص لیٹرآف کریڈٹ (LCs) کھولنے کے حوالے سے جو مشکلات بزنس کمیونٹی کو درپیش ہیں ان کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے اور گھروں کے چھولہے بھی جلتے رہے۔ کمرشل بینکس خیبر پختونخوا میں لینڈنگ کی شرح میں اضافہ کرکے دہشت گردی اور کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ کاروبار اور صنعتوں بالخصوص بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے اسپیشل سکیم متعارف کروائیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز الفلاح بینک کے ریجنل بزنس ہیڈ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان جمیل احمد ساول سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی ٗ بینک الفلاح پشاور ریجن کے سینئر افسران اور سرحد چیمبر کے سیکرٹری جنرل سجاد عزیز بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بینک الفلاح کے ریجنل بزنس ہیڈ خیبر پختونخوااور گلگت بلتستان جمیل احمد ساول نے سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق کو یقین دلایا کہ بینک کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر و عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق کو انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پشاور میں الفلاح بینک کی برانچ قائم کرنے کے سے متعلق مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ سرحد چیمبر ان مشکلات کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جس پر چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ اس مسئلہ کو متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ اٹھا کر حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ کمرشل بینکوں نے خیبر پختونخوا کو ریڈ زون ڈکلیئر کیا ہوا ہے جہاں سے وہ لینڈنگ کی شرح کے مقابلے میں ڈیپازٹ دوگنا حاصل کر رہے ہیں جبکہ کمرشل بینکس ڈالرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے LCs کھولنے سے گریز کر رہے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی اور ایکسپورٹرزکے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے مرکزی حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کریں کہ وہ بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں بالخصوص LCs کھولنے میں کسی قسم کی تاخیری حربے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔