لاہور (مانند نیوز ڈیسک)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، کوئی بھی قوم تعلیم کے زیور سے بہرہ مند ہوئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی، تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،حکومت ملکی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے،آئی ٹی کے شعبہ کو فروغ دے کر کثیر زر مبادلہ کمایا جا سکتاہے، سی پیک منصوبے سے پاکستان نے ترقی کی منازل طے کی ہیں، زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ کو اپنا کر ملک کو خود کفیل بنایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر کے پہلے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ نگران وزیر اعظم نے کہاکہ اس تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے۔تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کو استعمال میں لا کر ملک کی تقدید بدلی جا سکتی ہے۔تعلیم کے حصول سے نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی طور پر معاشرتی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔معاشرے میں مساوات،انصاف کے فروغ اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ حکومت یکساں تعلیم کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔اپنے معاشرے کی بہتری کے حوالے سے ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خاص طور ان معاشرے کے محروم افراد کا خاص طور سے خیال رکھیں اوراپنی صلاحیتوں کو ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے بروئے کار لائیں۔تعلیم یافتہ افراد کی منفرد ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔خوش قسمتی سے پاکستان میں نوجوان کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کا رلایا جا سکے۔ اس حوالے سے اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے۔میں انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچرکے اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان طلبہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ تعلیمی میدان میں آئی اے سی کا کردار قابل تعریف ہے۔مجھے امید ہے کہ ادارے کے فارغ التحصیل طلبہ ملکی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ طلبہ کواعلیٰ اور فنی تعلیم سے بہرہ ور کر کے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنے معاشرے میں تحمل اور افہام و تفہیم کی فضا پید ا کرسکتے ہیں اور مساوات اور انصاف جیشے اصولوں کی پاسداری کر سکتے ہیں،ہمیں دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے ہر شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا نا ہوگا ورنہ ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے،آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی طور پرریونیو پیدا کیا جا سکتا بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ زراعت کا شعبہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ہمیں اپنی زراعت کو روایتی طریقے سے ہٹ کر اس شعبہ میں جدیدیت اور ریسرچ کو اپنانا ہو گا،جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ہم زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر کے درآمدات میں کمی لا سکتے ہیں۔نگران وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان متنوع صلاحیتوں کا حامل ملک ہے جو وسائل سے مالا مال ہے۔یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہمارے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو درست انداز میں بروئے کا ر لایا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو منفرد محل وقوع اور مختلف موسموں سے نواز ا ہے۔یہاں ہر قسم کی زرعی اجناس پیدا کر کے ریونیو میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کسانوں کو رہنمائی فراہم کر کے اس کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔زرعی اجناس کے اضافہ کے لیے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان میں انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ہم آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دے کر نہ صرف آئی ٹی گریجوایٹس میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس سے زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ہمارے پاس دنیا کے بہترین آئی ٹی پروفیشنلز موجود ہیں۔ نگران وزیر اعظم نے کہاکہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے پاکستان نے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ اس موقع پروائس چانسلر انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر محمد فیصل جنجوعہ نے کانووکیشن میں شرکت پرنگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبا کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ کو نہ صرف ڈگری مہیا کرتے ہیں بلکہ ان کو عملی زندگی میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں۔میں ان تمام اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے طلبہ کی کامیابی کے لئے بھرپور کردا ر ادا کیا۔ قبل ازیں نگران وزیر اعظم انوارالحق نے مختلف شعبہ جات میں کامیاب طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور میڈل تقسیم کئے۔