ڈیرہ اسماعیل خان (مانند نیوز)گذشتہ رات الحاج آئل اینڈ گیس کمپنی درازندہ ڈیرہ اسماعیل خان پر دہشت گردوں کے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کیا۔ جس پر پولیس جوانوں نے جرات اور بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے کو پسپاکیا اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ اس حملے میں پولیس کے جوان ASI عالمشیر، فضل الرحمن، عطاء الرحمن،رحمت الہی اور خان عارف جوانمردی سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے جس میں کانسٹیبلان رحمت الہی اور خان عارف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہداء پولیس کا نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کیا گیا۔جس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمودستی، ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ عبدالروف بابرقیصرانی، ہیڈکوارٹر،ایف آر پی،سٹی،صدر، انوسٹیگیشن کے ایس پیز سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔بعد از جنازہ ریجنل پولیس آفیسرنے سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ میں زیر علاج پولیس جوانوں کی عیادت کی۔ڈاکٹروں سے جوانوں کو فراہم کردہ علاج و معالجے کے بارے دریافت کرتے ہوئے بہترین علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔اس موقع پر انہوں نے پولیس جوانوں سے بات چیت کرتے کہا کہ جس طرح آپ نے بہادری سے دہشتگردوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اس پر پوری پولیس فورس کوآپ پر فخرہے۔آپ کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انشاء اللہ جلد دہشتگرد عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔