پشاور(مانند نیوز) وزیر اعظم پاکستان، وزارت توانائی و بجلی اور پیسکو چیف قاضی محمد طاہر کی ہدایات کی روشنی میں پیسکو ٹاسک فورس ٹیم خیبر سرکل کی جہانگیرہ سب ڈوژن کے علاقے نظام پور (کئی ایریا) میں بجلی چوری کیخلاف آپریشن کیلئے گئی تھی۔ محلہ میاز خیل کے ایک گھر میں ڈائریکٹ کنڈہ لگا کر بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ پیسکو ٹیم نے جب کنڈہ ہٹانے کی کوشش کی تو اس گھر کے مالک عظمت ولد گل نار نے پیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا۔اسی دوران ملزم عظمت نے تیز دھار آلے سے پیسکو لائن مین جمیل اخترپر پیچھے سے حملہ کیا جس سے لائن مین شدید زخمی ہوگیا اور پیٹھ پر گہر ا زخم آیا۔ اس کے علاوہ ملز م عظمت نے پیسکو ٹیم کو دھمکیاں بھی دیں۔ ایڈیشنل ایکسیین بدر منیر، ایس ڈی او اور چئیر مین یونین اور دیگر سٹاف اس حملے میں محفوظ رہے۔لائن مین جمیل اختر کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو انجینئر قاضی محمد طاہر اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر حبیب الر حمٰن مروت فوری طور پر لائن مین کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے اور اس کی خیریت دریافت کی۔اس کے علاوہ پیسکو چیف نے متعلقہ علاقے کے کمشنر اور آر پی او سے قانونی کارروائی کیلئے رابطہ کیا اور ملز م عظمت ولد گل نار کیخلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔