راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف نے بولنا شروع کر دیا ہے، اب میں بھی بولوں گا، جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یکم جنوری کے بعد میں پریس کلبوں کا دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ چلے سے پہلے ہائیکورٹ میں پولیس نے بیان دیا ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہے، جتنے مقدمات میں نام ہے عدالت نے اس کی تفصیلات مانگی ہیں، کل اے ٹی سی میں میری ضمانتوں پر فیصلہ ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا، لطیف کھوسہ، اعتزاز، سلمان اکرم، سردار عبدالرزاق کو وکالت نامے دے دیئے ہیں اگر جیل میں بھی گیا تو وہ میرے اٹارنی ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ وہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، وہ بھی بلاول نے کل انوکھا لاڈلا سے چھین لیا ہے۔