اسلام آباد(مانند نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ہمیں وکلاء کو پیٹیشن ڈرافٹ کرنا سکھانا ہو گا۔ کس صوبہ میں پولیس اہلکار کام کرتا تھا درخواست میں نہیں لکھا، صوبے کو پارٹی کیوں نہیں بنایا، آرپی اوراولپنڈی کو پارٹی بنایا ہے کیا وہ اپنی جیب سے پینشن کی رقم ادا کرے گا۔درخواست کا ٹائلٹ ٹھیک کرو، معیارٹھیک کرواورہماراکام ہوتا ہے کہ کیس بھی چلائیں۔ وکیل نے کتاب کھولنا چھوڑ دیا ہے۔ جواب جمع کروانے کے لئے جدوجہد کرنا پڑتی ہے اور جرح کرنا پڑتی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعہ کے روز 9مختلف کیسز کی سماعت کی۔بینچ نے پنجاب پولیس کے مرحوم اہلکار عبدالرائوف کے ورثاء کی جانب سے آر پی اورراولپنڈی اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے محمد بشیر خان بطور وکیل پیش ہوئے۔ جبکہ مرحوم پولیس اہلکار کی بیوی اوربیٹا بھی عدالت میںموجودتھے۔ وکیل کی جانب سے بتایا گیا عبدالرائوف 22اپریل2023کو ہیپاٹائٹس سی کی وجہ سے انتقال کرگیا۔مرحوم پولیس اہلکار کی نے 21سال10ماہ نوکری کی تھی۔ درخواست گزار کی 25سال سروس نہیں ہوئی تھی اس لئے اس کے لواحقین پینشنری بینفٹس کے اہل نہیں۔چیف جسٹس نے وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کو پیٹیشن ڈرافٹ کرناسکھانا ہو گا، کس صوبہ میں کام کرتے تھے، درخواست میں کدھر صوبہ لکھا ہے، صوبے کو پارٹی کیوں نہیں بنایا کیا آرپی اوجیب سے پیسے دے گا۔ دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے نشاندہی کی کہ کمپلسری ریٹائرمنٹ کی عمر کم کرکے 20سال کردی گئی ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہ کتاب پڑھیئے یا وہ بھی زحمت نہیں کریں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پینشن مل رہی ہے کہ نہیں کوئی درخواست محکمے کو دی کہ نہیں۔ چیف جسٹس نے حکم میں لکھوایا کہ وکیل نے صوبہ پنجاب کو پارٹی بھی نہیں بنایا جہاں درخواست گزارنے ملازمت کی۔ رول3.3(1a) کے مطابق متعلقہ اتھارٹی 20سال سروس پر کمپلسری ریٹائر کرسکتی ہے۔ عدالت نے درخواست پر ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جبکہ عدالت نے بینک فراڈ میں میں گرفتار ملزم راجہ اویس لطیف کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض درخواست ضمانت منظور کرلی۔ دوران سماعت بینک الحبیب راولپنڈی کے منیجر نے پیش ہوکربتایا کہ 49لاکھ روپے کا نقصان ہوا تھا جو پورا ہو گیا ہے۔ ملزم بینک الحبیب میں ٹریڈ آفیسر تھااوروہ6ماہ سے جیل میںہے۔ چیف جسٹس نے اسفسار کیا کہ ٹرائل کہاں تک پہنچا۔ اس پر بتایا گیا کہ نامکمل چالان جمع ہو اہے، ایک ملزم سبطین رضا مفرور ہے۔اس پر جسٹس سید منصورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ سبطین رضا مفرور ہے جو جی اصل ملزم ہے۔چیف جسٹس نے حکم لکھواتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے درخواست ضمانت کی مکالفت کی۔ ملزم کے خلاف کمرشل بینکنگ سرکل میں مقدمہ درج ہے۔ ٹرائل ابھی شروع نہیں ہوا،ملزم کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض ضمانت منطور کی جاتی ہے۔ بینچ نے محمد نذیر کے لواحقین کی جانب سے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، بھکر اوردیگر کے توسط سے محکمہ جنگلات پنجاب کے خلاف زمین کے تنازعہ کے حوالہ سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے سید خاور امیر بخاری بطور وکیل پیش ہوئے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمین ہے جو اس کے مئوکل کی جانب سے خریدی گئی تھی۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مالک کی ملکیت کے حوالہ سے اوریجنل دستاویز دکھا دیں یا جس سے خریدی اس کی ملکیت کاکاغذدکھائیں۔ محکمہ جنگلات کہہ رہا ہے کہ میری زمین ہے، جس سے خریدی اس کی ملکیت کاکاغذ دکھادیں۔ جسٹس سید منصورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے ملکیت دکھادیں پھر آگے چلیں گے۔ چیف جسٹس نے وکیل کی جانب سے بار، بار ایڈمٹڈ کا لفظ استعمال کرنے پر کہا کہ آپ کا پسندیدہ لفظ ایڈمٹڈ لگتا ہے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ کوئی کاغذ فائل کاحصہ نہیں۔ چیف جسٹس کا وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ سے جوسوال پوچھ رہے ہیں اس کا جواب دے دیں، کس چیز کی ڈگری ہے بتادیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ قبضہ کی ڈگری تھی۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس سے ملکیت توثابت نہیں ہوتی، کوئی دستاویز درخواست گزار کے حق میں نہیں۔ وکیل کا کہناتھا کہ مجھ سے پہلے ٹی ڈی اے نے علی محمد کو 200کنال زمین الاٹ کی تھی اورعلی محمد سے زمین مجھے منتقل ہوئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہاتھ سے لکھ کر ملکیت دے دی، نہ ٹی ڈی اے کا لیٹر ہیڈ ہے کیا تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی والے ایسے کرتے ہیں، ایک متعلقہ دستاویز نہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تین فیصلے درخواست گزار کے خلاف آئے ہیں۔ محمد نذیر کے والد جان محمد نے 200کنال زمین علی محمد سے خریدی تھی۔ ٹی ڈی اے کی جانب سے علی محمد کو زمین الاٹ کرنے کے کاغذات بھی نہیں دکھائے گئے۔ عدالت نے قراردیا کہ درخواست گزار کا کوئی حق دعویٰ نہیں بنتاا ورعدالتوں نے درست طور پر فیصلہ دیا کہ یہ زمین محکمہ جنگلات کی ہے۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے خارج کردی۔ جبکہ بینچ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازمین افتخار احمد اور سیف الرحمان کی جانب سے اپنے تبادلے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔درخواستوں میں سیکرٹری ملٹری لینڈ این کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی اوردیگر کے توسط سے وزارت دفاع کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزاروںکی جانبسے محمد رمضان خان بطور وکیل پیش ہوئے جبکہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے شیخ وقارالحق بطور وکیل پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ گریڈ ایک سے 4تک کے کنٹومنٹ بورڈکے ملازمین کا تبادلہ نہیں ہوسکتا، میرے مئوکلین 4گریڈ تک کے ملازمین ہیں جن کا28مارچ 2019کو بنوں اور مردان تبادلہ کردیا گیا۔کنٹومنٹ ایگزیکٹو آفیسر کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کوتحریری جواب جمع کروانے کے لئے وقت دیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہ مدعا علیہ کے وکیل سپریم کورٹ کے فیصلے پڑی کر عدالت کی معاونت کریں گے۔ جبکہ عدالتوں نے درخواستوں پر اٹارنی جنرل آفس کو بھی نوٹس جاری کے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ ZS