لاہور (مانند نیوز ڈیسک) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں عدم پیشی پر سابق وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ(ن)مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جج عبہر گل نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے کی سماعت کی۔مقدمے میں عدم پیشی پر عدالت نے مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ میاں جاوید لطیف کے پیش ہونے پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے اور جاوید لطیف سمیت دیگر کو 9 دسمبر کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ تھانہ گرین ٹان پولیس نے مریم اورنگزیب، جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ بعد ازاں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف بیانیہ بنایا گیا اور انہیں چور ڈاکو کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، آج ان کرداروں کے فیصلوں کو عوام بھگت رہے ہیں۔ جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ اداروں میں خود احتسابی کا سلسلہ شروع ہونا احسن قدم ہے، 2024 کا الیکشن صاف شفاف ہو گا۔