ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس شاہد خان مہند نے کہا ہے کہ ضلع ملاکنڈ سے ہر قسم کے ڈرگز جیسی ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں انتظامیہ افسران کے ساتھ لیویز فورس کے جوانوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے حدود میں منشیات سمگلروں پر کڑی نظر رکھیں اور سمگلروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہااس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زمین خان،اسسٹنٹ کمشنر زبٹ خیلہ درگئی شکیل احمد،محمدعلی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا اولین ذمہ داری ہے۔شاہد خان نے کہا کہ جب سے ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز کا چارج سنبھالا تو منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کررکھا ہے اور ضلع بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مختلف چھاپوں اورناکہ بندیوں کے دوران 9 اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا گیا اسی طرح 14170 گرام چرس 15.5 لیٹر شراب 210 گرام آئس اور 30 گرام ہیروئن کو پکڑکر 43 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اس کے علاوہ 31 عدد پستول اور 1102 عدد کارتوس بھی پکڑا گیا،اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث 26 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید ان کے خلاف کاروائی شروع کی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ صوبیدار میجر،لائن آفیسر اورتمام پوسٹ کمانڈروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ جگہ بہ جگہ ناکہ بندیاں کریں اور ساتھ ہی روزمرہ گشت/پٹرولنگ بھی جاری رکھیں اور جرائم پیشہ افراد،منشیات فروش و غیر قانونی اسلحہ سمگلروں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرکے ضلع ملاکنڈ کو ہر قسم کی جرائم اور منشیات سے پاک صاف کیاجائے گا۔