کوہاٹ (مانند نیوز)اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے زیر اہتمام پیر کی شام کوہاٹ کے ایک نجی کالج میں پشتو زبان کے مایہ ناز شاعروادیب اورمحکمہ اطلاعات کوہاٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سرور محمود خٹک کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کی صدارت معروف شاعر و ادیب محمد جان عاطف نے کی جبکہ کوہاٹ کے نوتعینات ریجنل انفارمیشن آفیسر ارشاد محمدخان آفریدی مہمان خصوصی اور پختونخوا ریڈیو کوہاٹ کے پروڈیوسر اباسین مہمند گیسٹ آف آنر تھے۔اس پروقار تقریب کی نظامت اباسین ادبی ٹولنہ کے جنرل سیکرٹری سید معصوم شاہ معصوم نے کی۔اس موقع پر محفل مشاعرے کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں سید معصوم شاہ معصوم، فیروز خان صادق، مظہر السلام مظہر، مولانا عبدالحلیم الحکیمی، رحمت شاہ رحمت، اباسین مہمند، ماسٹر شفیع اللہ، ملک محمد عمر خوگ آفریدی، محمد سرور محمود خٹک، محمد جان عاطف اور دیگر نے کلام پیش کئے اورمحمد سرورمحمود خٹک کی ادبی کاوشوں اوراباسین ادبی ٹولنہ کیلئے خدمات پرخراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ وہ انتہائی سادہ طبیعت اور منکسر المزاج شخصیت ہیں،ان کو اپنی قوم اور ملک سے انتہائی محبت ہے۔انکی تصنیف ”د شہباز منزل“ پختون قوم اور اس کے جوانوں کیلئے ایک مثبت پیغام ہے،وہ ہمیشہ دوسروں کے کام آنے والے ہیں۔ انہوں نے اپنے علاقے اور قوم کیلئے بہت ساراکام کیاہے۔مہمان خاص محمد سرور محمود خٹک نے اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کا اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج احساس ہوا ہے کہ میرے ادبی دوست میرے ساتھ کتنا لگاؤ رکھتے ہیں۔ میں ان لوگوں کی اس کاوش کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔