پشاور(مانند نیوز) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر سینئرصحافی ارشد عزیز ملک کو مبارکبادپیش کی ہے،انہوں نے سالانہ انتخابات میں نومنتخب نائب صدر طیب عثمان، جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی, جائینٹ سیکرٹری گل رحمان حقانی، فنانس سیکرٹری شیخ رضوان سمیت دیگر کابینہ، گورننگ باڈی اراکین کو بھی اپنی جانب سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، یہاں سے جاری اپنے تہنیتی بیان میں گورنرنے توقع ظاہرکی ہے کہ نومنتخب صدر اور کابینہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل میں اپنا موثر قائدانہ کردار ادا کریں گے کیونکہ انکا دوبارہ منتخب ہونا صحافیوں کا ان پر اعتماد کا اظہار ہے،گورنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب صدر ارشد عزیز ملک اور انکی کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود،حکومت و میڈیا کے درمیان موثر روابط برقرار رکھنے سمیت اعلی صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے پہلے سے بھی زیادہ بہترین کردار ادا کریں گے۔