کرک (مانند اخبار) احمد آباد پولیس نے لاکھوں مالیت چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر بھاری مقدار چرس سمیت دو سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کیمطابق پولیس چوکی احمد آباد کے انچارج نصیر خان نے ایک باوثوق ذرائع کے اطلاع پر اہم اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے احمد آباد کے علاقے میں ٹرک کے ذریعے سے پنجاب چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ احمد آباد پولیس نے ٹرک کی تلاشی لینے پر ٹرک کے ٹول بکس سے 20 پیکٹ چرس برآمد کی۔ چرس کی مجموعی وزن 24731 گرام یعنی تقریبا پچیس کلو ہے۔ پولیس نے ٹرک میں موجود دونوں سمگلروں حضر حیات اور گل مرجان کو ٹرک سمیت تحویل میں لے کر مقامی تھانے منتقل کر دیا جہاں پر باقاعدہ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ احمد آباد پولیس کی کامیاب کاروائی پر ڈی پی او کرک وقاص خان نے چوکی انچارج سمیت پولیس پارٹی کو شاباش دے کر توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔