بنوں (مانند نیوز )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج تہذیب کا دشمن جیل میں پڑا ہے، آج ان پر ایسے مقدمات بن رہے ہیں جن کا ہم تو سوچ بھی نہیں سکتے۔
بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 60 سال گزرنے کے باوجود بنوں کے عوام کی جمعیت سے وابستگی مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک حقیر نظر سے دنیا میں دیکھا جا رہا ہے، ہم سب مسلمان ہیں، مسلمان ہونےکے ناطے ہم کلمہ بھی پڑھتے ہیں زکوٰۃ بھی دیتے ہیں، امن ہوگا تو جان محفوظ ہوگی، مال محفوظ ہوگا تو خوشحالی ہوگی۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ بدامنی پاکستان میں روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، امیر امیر تر غریب غریب تر ہورہا ہے، ہمارا آئین کہتا کہ ملک میں اسلامی نظام ہوگا، ہم تعصب کی سیاست نہیں کرتے، ایک آدمی آتا ہے اور یہودی ایجنڈا لاتا ہے مگر ہم نے اس کو روکا، آج ہماری سالانہ ترقی کو اس شخص نے منفی تک پہنچایا۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہندوستان کو امریکا اسرائیل سے فنڈز ملے، پاکستان کو یہ شخص 7 ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتا تھا، ریاست مدینہ کے حوالے سے کوئی سوچ نہیں رکھتا تھا، اب جب قانون حرکت میں آیا تو کہتا ہے جھوٹے مقدمات ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل انڈیا اور امریکا سے پیسے لیے اور بہانہ اسپتال بنانے کا کرتا ہے، کسی نے پوچھا ریاست مدینہ کیا ہوتا ہے تو کہا کہ قانون سب کیلئے ایک ہوگا، آج امریکا میں فوج میں لوگ بھرتی نہیں ہو رہے، آج امریکا سپر پاور نہیں ہے، امریکا سپر پاور نہیں رہا وہ افغانستان کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔