ٹوکیو (مانند نیوز ڈیسک):جاپان کی خلائی ایجنسی نے اپنے نئے مایہ ناز H3 راکٹ کی کامیاب لانچنگ کی تصدیق کی ہے۔ جاپان کی خلائی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راکٹ ہفتے کی صبح 9 بجکر 22 منٹ پر جاپان کے جنوب مغربی شہر کاگوشیما میں واقع تانیگاشیما خلائی مرکز سے روانہ ہوا اور اپنے طے شدہ مدار میں پہنچ گیا ہے۔یہ H3 کا پہلا کامیاب لانچ ہے کیونکہ مارچ 2023 میں پہلی کوشش اُس وقت ناکام ہو گئی تھی جب اس کے دوسرے مرحلے کا انجن نہیں چلا تھا۔جاکسا کے صدر یاماکاوا ہیروشی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ ان کے لیے اب تک کی سب سے بڑی خوشی اور سکون کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانچ سے منسلک ہر فرد کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔پروجیکٹ مینیجر اوکادا ماساشی نے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ بھاری بوجھ اُٹھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لانچ ایک کامل کامیابی کہلانے کی مستحق ہے۔