پشاور( مانند نیوز ) گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول بغدادہ مردان میں اساتذہ اور والدین کے درمیان میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ میں بچوں کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل اشرف علی نے والدین سے اپنے خطاب میں کہا کہ پیرنٹس ٹیچر میٹنگ کا مقصد والدین اور اساتذہ میں روابط قائم کرنا ہے تاکہ ہر والد اپنے بچے کی کارکردگی کے بارے میں جان سکے۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں فراہم کی جانے والی تعلیم کے ساتھ ساتھ والدین کی تعلیمی سرگرمیوں میں شمولیت بھی بچے کی تعلیمی کامیابی کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتی ہے۔ بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو جانچنے اور اس کے متعلق اقدامات کے لیے اسکول والدین اور اساتذہ کی میٹنگ منعقد کرتے ہیں۔ یہ میٹنگ کسی بھی بچے کو سمجھنے کا بہترین موقع ہوتی ہے۔ اس سے اساتذہ اور والدین دونوں کو بچوں کو سمجھنے اور ان کی کارکردگی ابھارنے کا موقع ملتا ہے، جس سے بہتر تعلیمی اور سماجی نتائج سامنے آتے ہیں۔انہوں نے پیرنٹس ٹیچر میٹنگ کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ بچہ،والدین اور اساتذہ میں ہم آہنگی ہونی چاہئے۔والدین کو طالب علموں کی تعلیمی صورتحال سے واقف کروانا بھی اس میٹنگ کا مقصد ہے۔ انہوں نیکہا کہ علم کے حصول میں والدین،طلباء اور اساتذہ میں تال میل ضروری ہے طلبہ کے والدین سے اساتذہ کا رابطہ ہونا چاہئے تاکہ موثر طور پر تعلیمی سرگرمیوں کا انجام دیا جاسکیں۔ تعلیم کا مقصد بہتر شہری اور ذمہ دار انسان بنانا ہے۔انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ بچوں کی تعلیم کو منقطع نہ ہونے دیں، بلکہ اعلی تعلیم کے حصول کے لئے بچوں سے تعاون کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل تابناک ہو۔