راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک) بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بانیٔ پی ٹی آئی کا نیا پیغام میڈیا کے سامنے سنا دیا۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کاپیغام ہے کہ 9 فروری کو دھاندلی کی مثال نہیں ملتی، 8 فروری کے بعد اب تک دھاندلی کے ذریعے نشستیں چھینی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو 2 سال سے پکڑا جا رہا ہے، سزائیں دی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین کو بھی نہیں چھوڑا گیا، یہ ووٹ امیدواروں کا نہیں عوام کا ہے جو چھینا جا رہا ہے۔بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ جو چوری کا ووٹ لے کر اسمبلی پہنچے وہ پریشان ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے مثال دی ہے کہ چندی گڑھ میں بی جے پی کے لیے آر اوز نے دھاندلی کی۔انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان بھی بھارتی عدالت کی طرح انصاف دے گی، قانونی طور پر اب تمام کارروائی سپریم کورٹ میں ہوگی۔علیمہ خان نے کہا ہے کہ عوام سارا مینڈیٹ عدالت کے ذریعے واپس لیں گے، ووٹ عوام کا ہے جس نے حفاظت کرنا تھی نہیں کی، ووٹ کی حفاظت نہیں کر سکتے تو سسٹم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دینا چاہیےانہوں نے مزید کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کے معاملے پر ہم ہائی کورٹ جا چکے ہیں، انتخابات سے متعلق سارا ڈیٹا انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو سمجھ آ گئی ہے کہ کیسے دھاندلی ہوئی، تمام فارم 45 منظرِ عام پر آ چکے ہیں، ان کے مطابق نتائج جاری کرنا ہوں گے۔