پشاور(مانند نیوز) صوبائی دارلحکومت پشاور میں تاجر برادری نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی یقینی دہانی کی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی کی زیر صدارت رمضان المبارک میں عوام کواشیاء خوردنوش کی کم قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران سمیت محکمہ خوراک، محکمہ لائیوسٹاک، محکمہ صارفین تحفظ، ممبران صارفین تحفظ کونسل اور پشاور کی تاجر برادری نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی پر تفصیل سے بات چیت ہوئی جس کے بعد فیصلے کیے گئے کہ رمضان المبارک میں تاجر برادری عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی اور مصنوعی گرانفروشی نہیں کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور سنیہ صافی نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ گرانفروشوں کے خلاف متحرک رہے گی اور مسلسل بازاروں کا معائنہ کرے گی جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر دکانداروں کو 15 روز کے لیے جیل بجھوایا جائے گا اور اس ضمن کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں صبح صادق کے اوقات میں ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر محکموں کے افسران منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں اس پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ عوام کو سرکاری نرخ نامے پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔