کوہاٹ (مانند نیوز) فوڈ سیفٹی اینڈحلال فوڈ اتھارٹی کوہاٹ کی ٹیم نے شنواری ٹاؤن،مہاجرکیمپ اورگھمکول کیمپ میں مختلف اشیائے خوردونوش کا معائنہ کیا۔معائنے کے دوران متعدد کریانہ سٹور سے بڑی مقدار میں زائدالمعیاد اشیائے خوردونوش برآمد کر کے متعلقہ دکانوں کو سیل کر کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا جبکہ زائدالمعیاد اشیاء کو موقع پر تلف کیاگیا۔ زائدالمعیاد اشیائے خوردونوش عوام الناس کو رمضان المبارک میں فروخت کرنے کیلئے سٹور کی جا رہی تھیں۔اس کے علاوہ ایک تندور کو صفائی کے ناقص صورتحال پر وارننگ دی گئی جبکہ دیگر کو امپروومنٹ نوٹسز اور ایس او پیز فراہم کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسد قاسم کا کہنا تھا کہ زائدالمعیاد اشیائے کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور زائدالمعیاد اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کی جائے گی۔