ملاکنڈ (مانند نیوز)صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزفورس شاہد خان مہمندکی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے ضلع ملاکنڈ میں رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا ہے جس میں ضلعی پرائس ریویو کمیٹی میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا جو تعین کیا گیا ہے اس پر عملی طور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ افسران،محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکارباقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کے دورے کریں گے اور عوام کو پرائس ریویوکمیٹی میں جوقیمتیں مقرر کی گئی ہے اس کے مطابق عوام کو گوشت،آٹا،چینی،دالیں،دودھ، دہی اور دیگر خوراکی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے ساتھ ساتھ بازاروں میں شکایات ڈسک بھی قائم کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلعی محکموں کے ذمہ دار افسران کو سختی سے تاکید کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں،ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری سے بھی کہاکہ وہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے تقدس کی خاطر ناجائز منافع خوری،ملاوٹ،ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے سے گریز کریں اور عوام کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرائس ریویو کمیٹی میں اشیاء خوردونوش کی متعین کردہ نرخوں کے مطابق وافر مقدار میں فراہم کریں۔