اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کو نہیں مانتے،سڑکوں پر نکلیں گے،ایک جعلی وزیرِ اعظم بنا، وہ کیسے ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہماری خواتین کی سیٹیں چھینی گئیں، ہماری 180 سیٹیں بنتی ہیں وہ ہم سے چھینی گئی ہیں، نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ تھا، کیا وہ یہ سب تھا،کس طرح یہ جعلی ووٹ سے ملک کو درپیش مشکلات سے نکال سکتے ہیں، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایم این ایز جانتے ہیں وہ جعلی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ایسے ہو گا تو مجھے ڈر ہے ملک میں کہیں بغاوت نہ آجائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک جاری رہے گی اور سب سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے، ہم الائنس بنانے جا رہے ہیں اور سڑکوں پر نکلیں گے۔پی ٹی آئی رہنمانے کہا کہ تمام صوبوں سے سڑکوں پر نکلیں گے، اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ہم پرامن احتجاج کریں گے، اس جعلی حکومت کو نہیں مانتے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج جاری ہے۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور رہنمائوں کی رہائی کی قرارداد جمع کرانے آئے ہیں، پی ٹی آئی کا نشان چھینا گیا پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، فارم 45 الیکشن کمیشن کی دستاویزات ہیں، فارم 45 پر کوئی اور نتیجہ ہے جبکہ فارم 47 پر کوئی اور نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ کسی طور پر اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہماری جنگ اپنی سیاست کے لئے نہیں قوم کے لئے ہے، ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ آئین کے مطابق سب ادارے اپنی حدود میں رہیں، ہماری جدوجہد عدلیہ کو آزاد کروانے کی ہو گی، عدلیہ دبا ئومیں آنے کے بجائے آزادنہ فیصلے کرے۔اسد قیصر نے کہا کہ9مئی واقعات کی ہم نے ہمیشہ مذمت کی اس پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگلے اجلاس میں ہم سیاسی قیدیوں کی قرارداد کو پاس کرائیں گے، ہمارے خلاف ایک دن میں 14، 14 گھنٹے کیسز چلائے گئے، ایک دن میں دو دو عدالتیں لگا کر انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا گیا۔