جمرود(مانند نیوز)دو دن گزر جانے کے باوجود حکومتی ادارے مغوی محمد صدیق آفریدی کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے،24 گھنٹے کے اندر مغوی کو بازیاب کرایا جائے بصورت دیگر پاک افغان شاہراہ پر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔ حسین آفریدی کا پریس کانفرنس تفصیلات کے مطابق ضلع خیبرپی ٹی آئی کے مغوی رہنماء محمد صدیق آفریدی کے بھائی حسین آفریدی نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں حاجی محمد کریم آفریدی، زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر ثنائاللہ، ملک نجیب طورخیل،چیئرمین نسبت علی،عبدالجیل آفریدی،پی ٹی آئی جمرود اشفاق آفریدی،مولانا غفران اللہ اور کارکنان کے ہمراہ جمرود پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز انکے بھائی محمد صدیق آفریدی کو سہ پہر دو بجے کے قریب نامعلوم افراد نے اغوا کرکے ان کے موبائل واٹس ایپ نمبر سے 2 کروڑ روپے بھتہ کا مسیج موصول ہوا جس میں لکھا گیا تھا کہ اگر آپ نے دو کروڑ تاوان کی رقم ادا نہیں کی تو آپکے مغوی بھائی محمد صدیق آفریدی کو افغانستان منتقل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مغوی محمد صدیق آفریدی سٹوڈنٹس ویزے پر کینیڈا جارہے تھے جسکا جہاز ٹکٹ بھی کنفرم ہوا تھا اور آج بروز جمعرات انکی کنیڈا کی فلائٹ تھی۔مغوی محمد صدیق آفریدی نے اپنے دوستوں سے کنیڈا ا ویزے کے لئے لیا گیا قرضہ واپس کرنے جارہا تھااور اسی دوران وہ راستے سے اغواء ہوئے اور تاحال لاپتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود مغوی محمد صدیق آفریدی کا تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے جبکہ تمام ریاستی اداروں کو اس واقعے کا پتہ ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے پولیس اور تمام اداروں کو کل تک ڈیڈ لائن دی اور کہا کہ اگر مغوی محمد صدیق آفریدی کو کل تک بازیاب نہیں کرایا تو نا ختم ہونے والا احتجاجی دھرنا شروع کریں گے اور پاک افعان شاہراہ کو مکمل طور پر بند کریں گے۔یاد رہے کہ مغوی محمد صدیق آفریدی زوان کوکی خیل اتحاد کے سابق صدر رہے ہیں جنہوں نے علاقائی مسائل کے حل کے لئے کئی مرتبہ احتجاجی مظاہرے کئے ہیں اس کے علاوہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ایک سرکردہ رہنما بھی ہے جنہوں نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر بلدیاتی الیکشن میں تحصیل چیرمین شپ کا مقابلہ لڑا تھا لہذا مغوی محمد صدیق آفریدی کے بازیابی کے لئے مضبوط اقدامات اٹھا کر فوری رہا کیا جائے۔