پشاور( مانند نیوز)خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک بڑی ہی برکتوں، سعادتوں اور نعمتوں والا مہینہ ہے۔ اللہ تعالی نے جو برکتیں اور سعادتیں اس بابرکت مہینے کے ساتھ خاص فرمائی ہیں وہ کسی اور مہینے کے ساتھ خاص نہیں ہیں نیز جو برکتیں اس مقدس مہینے کے اندر کئے جانے والے نیک اعمال کے ساتھ مخصوص ہیں وہ دوسرے مہینوں میں انھی اعمال کے ساتھ مخصوص نہیں ہیں۔ یہ وہ مہینہ ہے جسمیں مسلسل رحمت پروردگار نازل ہوتی رہتی ہے۔اس مہینے میں پروردگار نے اپنے بندوں کو یہ وعدہ دیا ہے کہ وہ ان کی دعا کو قبول کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد خصلت ہسپتال پار ہوتی مردان میں ختم القرآن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ روزہ سال میں ایک مرتبہ اسی لئے فرض کیا گیا کہ معدہ اور مادہ کی شقاوت اور سختی دور ہو، کچھ دن مادیت پرستی میں تخفیف ہو تاکہ اس میں روحانیت اور ایمان کی اتنی مقدار داخل ہوجائے جس سے اس کی زندگی اعتدال پر آجائے، کچھ دیر کے لئے اخلاق الٰہی کا کسی قدر عکس اس میں اْتر سکے۔ اس میں فرشتوں کی نسبت حاصل ہوجائے۔ نفس کا مقابلہ کرسکے اور روح کی پرفضا وسعتوں میں وہ جولانیاں کرسکے۔رمضان المبارک کے خصوصی اعمال(روزہ، تراویح، تلاوت قرآن کریم، ذکرِ الٰہی، دعا واستغفار) کا خصوصی اہتمام کیا جائے، اس سراپا نور مہینے میں جس قدر نورانی اعمال کئے جائیں گے، اسی قدر روح میں لطافت، بالیدگی اور قلب میں نورانیت پیدا ہوگی۔ خصوصاً قرآن کریم کی تلاوت کا اہتمام کیونکہ اس ماہ کو قرآن کریم سے خاص نسبت ہے، اسی ماہ میں قرآن کریم نازل ہوا۔اس مہینے میں جھوٹ،بہتان، غیبت، حرام خوری اور دیگر تمام آلودگیوں سے پرہیز کا پورا اہتمام کیا جائے