لاہور (مانند نیوز)سکھ مذہب کے تہوار وساکھی میلاکی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تین ھزار سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہو گئے جہاں صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان PSGPC رمیش سنگھ اروڑہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم،متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلیٰ حکام،سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور و دیگر کمیٹی ممبران بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی نے 10 روز کا ویزہ جاری کیا ہے جبکہ بھارتی سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گورودوارہ سچا سودا، گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کریں گے جبکہ سکھ یاتری متعدد ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے جدھر ویساکھہ میلہ 2024 کی مرکزی تقریب بروز اتوار منعقد ہو گی۔ اسکے علاوہ بھارتی سکھ یاتری گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد، گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں بھی ماتھا ٹیکیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم کا کہنا تھا کہ مہمانوں کی رہائش سکیورٹی ٹرانسپورٹ میڈیکل سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی۔ سکھ یاتری 22اپریل کو اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے گوردوارہ کو خوبصورت انداز میں سجانے کے علاوہ دیگر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام طعام، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ گوردوارہ پنجہ صاحب کو نئے رنگ و روغن،تزئین وآرائش اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہیجبکہ گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب و دیگر گوردوارں میں بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔مترکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور سیکیورٹی عملہ دن رات یاتریوں کی خدمت میں مصروف رہیں گے۔میڈیا کوریج کے لیے صحافیوں کے لیے بھی بہتر ین انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شٹل بس سروس کے افتتاح کے بعد کہا کہ سکھ یاتریوں کو واہگہ چیک پوسٹ سے واہگہ ریلوے اسٹیشن لے جانے کے لئے بس شٹل سروس کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا گیا ہے۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جتھ لیڈر کلونت سنگھ اور ڈپٹی پارٹی لیڈر امرجیت سنگھ نے حکومت پاکستان اور متروک وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔پاکستان میں مقدس استھان ہیں جنکی یاترا کے لیے لاکھوں سکھ بے تاب رہتے ہیں اور امید ہے کہ پاکستانی بھائیوں کی میزبانی ہمیشہ کی طرح ہمارے دلوں میں یادگار کے طور پر قائم رہے گی