کرم (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ فلاحی اداروں بالخصوص یتیموں اور ناداروں کی پرورش اور سرپرستی کرنے والے اداروں کی مدد کرنا ثواب دارین ہے اور بحیثیت مسلمان ہم سب کو اپنے بساط کے مطابق اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔وہ ہفتہ کی شام آغوش الخدمت فاؤنڈیشن کوہاٹ کیمپس میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شہریار خان آفریدی ایم این اے، اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی شفیع جان اور شاہ تراب خان، آغوش الخدمت کوہاٹ کے سربراہ حافظ عابد حماد اور دوسرے اہم شرکاء نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد علی، کوہاٹ کے اہم مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین علاقہ اور ادارہ ہذا کے منتظمین اور طلبہ نے شرکت کی۔وزیر قانون نے کہا کہ اپنے آبائی ضلع کے اس اہم فلاحی ادارے میں شرکت ان کیلئے انتہائی باعث افتخار ہے جس پر میں اس کے منتظمین کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے اس موقع پر ادارے کیلئے 20 لاکھ روپے کے مالی تعاون کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ اس اہم ادارے کی تعمیراتی اور دیگر فلاحی کاموں کیلئے صوبائی حکومت سے خصوصی گرانٹ لاؤں اور وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے ذاتی طور پر ملاقات بھی کریں گے۔آفتاب عالم آفریدی نے صوبے بالخصوص کوہاٹ کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ آغوش الخدمت جیسے اداروں کے ساتھ دل کھول کر مدد کریں کیونکہ اس میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔